اداکارہ نرگس پر شوہر کی جانب سے تشدد کے واقعے پر پنجاب حکومت نے نوٹس لے لیا ہے، اور اس سلسلے میں حنا پرویز بٹ نے اداکارہ سے ملاقات کرکے انہیں انصاف کی یقین دہانی کروائی۔
تفصیلات کے مطابق، چیئرمین پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے کہا کہ نرگس کو سیکیورٹی فراہم کر دی گئی ہے اور قانونی مدد کے لیے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خواتین پر گھریلو تشدد ایک سنگین جرم ہے، اور یہ معمولی معاملہ نہیں ہے؛ مجرم کو سزا دلوائی جائے گی۔
حنا پرویز بٹ نے مزید کہا کہ ویمن پروٹیکشن اتھارٹی خواتین کے تشدد کے معاملات میں کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ ہر خاتون کو تحفظ اور انصاف فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ وزیراعلیٰ کی ہدایات کے مطابق، خواتین پر تشدد حکومت کی ریڈ لائن ہے، اور اس واقعے میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ حکومت کی پالیسی گھریلو تشدد کے واقعات کے حوالے سے انتہائی سخت ہے۔