رتن ٹاٹا کی وصیت میں کس کو کتنی جائیداد ملی؟

گزشتہ دنوں انتقال کر جانے والے بھارت کے معروف صنعتکار رتن ٹاٹا کی وصیت منظر عام پر آ گئی ہے۔

رتن ٹاٹا نے اپنے پیچھے 10 ہزار کروڑ بھارتی روپے سے زیادہ کی جائیداد چھوڑی ہے۔ ان کی وصیت میں یہ جائیداد ان کے بھائی بہنوں میں تقسیم کی گئی ہے، اور ان کے پالتو کتے ٹیٹو کے لیے بھی کچھ چیزیں مخصوص کی گئی ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق، رتن ٹاٹا نے اپنے جرمن شیفرڈ ٹیٹو کی مکمل دیکھ بھال کے لیے انتظامات کیے ہیں، اور اس کی دیکھ بھال کی ذمہ داری ان کے باورچی رجن شا پر ہوگی۔

انہوں نے اپنے باورچی اور خانساماں کے لیے بھی اپنی جائیداد میں حصہ مخصوص کیا ہے۔

اسی طرح، رتن ٹاٹا نے اپنی جائیداد میں اپنے بھائیوں اور سوتیلی بہنوں کو بھی حصہ دیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق، ٹاٹا گروپ کی ہولڈنگ کمپنی ٹاٹا سنز میں رتن ٹاٹا کے شیئرز رتن ٹاٹا انڈومنٹ فنڈ کو منتقل کیے جائیں گے۔

وصیت کے مطابق، رتن ٹاٹا کو ملنے والے ایوارڈز ٹاٹا سینٹرل آرکائیوز میں محفوظ کیے جائیں گے تاکہ یہ آئندہ نسلوں کے لیے دستیاب رہیں۔

انہوں نے اپنے ایگزیکٹو اسسٹنٹ شنتانو نائیڈو کے کاروبار میں بھی سرمایہ کاری کی ہوئی تھی، اور وصیت کے تحت اس کاروبار میں اپنا حصہ چھوڑ دیا ہے۔ نائیڈو کی جانب سے بیرون ملک تعلیم کے لیے دیے گئے قرض کو بھی معاف کر دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ معروف بھارتی صنعتکار رتن ٹاٹا 9 اکتوبر کو 86 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More