زین قریشی پارٹی عہدے سے مستعفی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما زین قریشی نے بطور ڈپٹی پارلیمانی لیڈر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

ابتک نیوز کے مطابق، زین قریشی نے شوکاز نوٹس ملنے کے بعد یہ فیصلہ کیا۔ انکا کہنا ہے کہ انہوں نے شوکاز کا باضابطہ جواب دے دیا ہے اور آزاد و شفاف تحقیقات کے لیے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا ہے۔

زین قریشی نے یہ بھی واضح کیا کہ وہ پارٹی کے بانی، اپنے والد اور پی ٹی آئی کے وفادار ہیں اور رہیں گے۔

یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ حال ہی میں زین قریشی کا ایک ویڈیو بیان سامنے آیا تھا جس میں انہوں نے 26 ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے بات کی۔

انہوں نے کہا کہ اپنے والد شاہ محمود قریشی کی ہدایت پر روپوش ہوئے، کیونکہ ان کے والد نے کہا تھا کہ آئینی ترمیم کسی صورت منظور نہیں ہونی چاہیے۔

زین قریشی نے مزید کہا کہ آئینی ترمیم کی حمایت کے بارے میں ان کے خلاف گمراہ کن پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، اور انہوں نے واضح کیا کہ وہ آئینی ترمیم کی منظوری والے دن قومی اسمبلی نہیں گئے، نہ ہی ان کا وہاں جانے کا کوئی ارادہ تھا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر ان کی کسی حکومتی اہلکار کے ساتھ ملاقات ثابت ہوجائے تو وہ سیاست چھوڑ دیں گے، اور وہ پارٹی پالیسی اور بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے ہیں۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More