بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان کی سابقہ گرل فرینڈ سومی علی نے اداکارہ ایشوریا رائے اور اپنے اوپر سلمان خان کے تشدد کا الزام لگایا ہے۔
سومی علی، جو 90 کی دہائی کی معروف اداکارہ اور سوشل ورکر ہیں، نے سلمان خان کے ساتھ 8 سال گزارے، لیکن جب ایشوریا رائے سلمان کی زندگی میں آئیں تو ان کا یہ رشتہ ختم ہو گیا۔ اس کے بعد سومی علی 1999 میں بھارت چھوڑ کر چلی گئیں۔
حال ہی میں ایک بھارتی میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سومی علی نے سلمان خان کی بدسلوکی اور اپنے تکلیف دہ تجربات کا ذکر کیا۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ ان کے اور سلمان خان کے درمیان تعلقات کی خرابی کی کیا وجہ تھی، حالانکہ سلمان خان کے دیگر سابقہ گرل فرینڈز سنگیتا بجلانی اور کترینہ کیف کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، تو سومی علی نے جواب دیا کہ “مجھے سلمان خان کی جانب سے شدید بدسلوکی کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے میرے ساتھ جو سلوک کیا، وہ کسی اور کے ساتھ نہیں کیا۔ سلمان نے سنگیتا اور کترینہ کے ساتھ اتنا برا سلوک نہیں کیا جتنا میرے ساتھ کیا۔”
سومی علی نے سلمان خان کے ساتھ اپنے ماضی کے تعلق کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ “ایک بار سلمان خان مجھے مار رہے تھے کہ ان کے گھر کے ملازم نے دروازے پر دستک دی اور ان سے درخواست کی کہ مجھے نہ ماریں۔ اس واقعے کے بعد میری کمر میں شدید درد ہوا اور میں کافی عرصے تک بستر پر رہی۔”
انہوں نے مزید کہا کہ اداکارہ تبو بھی میری حالت دیکھ کر رو پڑی تھیں، لیکن سلمان مجھے دیکھنے تک نہیں آئے۔ میری والدہ اور چند قریبی دوستوں کے علاوہ ہر شخص سلمان کے ساتھ میرے ان تکلیف دہ تجربات سے بے خبر ہے۔
سومی علی نے مزید انکشاف کیا کہ “سلمان خان نے ایشوریا کے ساتھ بھی بہت برا سلوک کیا، اور میرا خیال ہے کہ انہوں نے ایشوریا کا کندھا توڑا تھا۔ مجھے کترینہ کے ساتھ ہونے والے سلوک کی معلومات نہیں۔”
سومی علی نے یہ بھی کہا کہ “سلمان نے میرے ساتھ جو کیا، اس کے بعد میں یہی کہہ سکتی ہوں کہ لارنس بشنوئی سلمان خان سے بہتر ہے۔” انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وہ اپنے ماضی کے تعلقات پر ایک کتاب لکھ رہی ہیں، جس میں سب کچھ درج ہوگا۔
