سپریم کورٹ میں تمام کورٹ رومز کو لائیو اسٹریمنگ سروس فراہم کرنے کا فیصلہ

سپریم کورٹ نے تمام عدالتوں کے کمرے میں لائیو اسٹریمنگ سروس فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق، یہ سروس چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی خصوصی ہدایت پر شروع کی جا رہی ہے اور اس کی فراہمی سائلین کی رضامندی کے ساتھ مشروط ہوگی۔

ذرائع نے بتایا کہ اگر کوئی خاتون سائل اپنی رضامندی دیتی ہے تو کیس کی سماعت کے دوران رازداری کا خیال رکھا جائے گا۔

مزید یہ کہ اوورسیز پاکستانی سائلین بھی اپنے مقدمات کی سماعت کو براہ راست دیکھ سکیں گے۔ لائیو اسٹریمنگ کے لیے ضروری کیمروں اور دیگر آلات کی خریداری کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق، لائیو اسٹریمنگ کے حوالے سے ایک کمیٹی سفارشات تیار کر رہی ہے جو حتمی منظوری کے لیے چیف جسٹس آف پاکستان کو ارسال کی جائیں گی۔

اس وقت سپریم کورٹ کے صرف کمرہ عدالت نمبر 1 میں لائیو اسٹریمنگ کی سہولت موجود ہے۔ یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے آج ہی حلف اٹھایا ہے اور وہ سپریم کورٹ کے 30 ویں چیف جسٹس ہیں۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More