پی ڈی ایم اور حکمران اتحاد نے ممنوعہ فنڈنگ کیس عمران خان اور پی ٹی آئی کے خلاف فرد جرم قراردیتے ہوئے آئین وقانون کے مطابق کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان کہتے ہیں یہ ثابت ہوچکا ہے کہ عمران خان ایک غیر ملکی کٹھ پتلی ہے۔
حکمران اتحاد اور پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس کے بعد مولانافضل الرحمان کی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ممنوعہ فنڈنگ کیس عمران خان اور پی ٹی آئی کے خلاف فرد جرم ہے،یہ ثابت ہو چکا ہے کہ پی ٹی آئی کو ممنوعہ فنڈنگ ہو ئی ہے۔اب آئین و قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھاکہ عمران خان عملی طور پر پاکستان کے نااہل ترین حکمران ثابت ہوئے۔ الیکشن کمیشن کے سامنےجھوٹےبیان حلفی اور ڈیکلیریشن جمع کرائے گئی۔ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد عمران خان صادق اور امین نہیں رہے۔
مولانافضل الرحمان نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے مطابق عمران خان نے متعدد غیرملکی کمپنیوں اور شہریوں سے ممنوعہ فنڈنگ لی۔ عمران خان نے351 غیرملکی کمپنیوں، 34 غیر ملکی شہریوں سے غیر قانونی فنڈز لیئے۔ ممنوعہ فنڈنگ کیس سے ثابت ہوا کہ پوری تحریک انصاف شریک جرم ہے۔ پی ٹی آئی کے تمام عہدیداروں کے خلاف قانونی کارروائی ہونی چاہیئے۔
