لندن میں فائز عیسیٰ کی گاڑی پر حملہ، وزارت خارجہ کی ہائی کمیشن کو قانونی کارروائی کرنے کی ہدایت ۔

پاکستانی وزارت خارجہ نے لندن میں سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور ان کی اہلیہ کے ساتھ ہراسانی کے واقعے پر لندن ہائی کمیشن کو قانونی کارروائی کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

ذرائع کے مطابق، وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے وزارت خارجہ کو ہدایت کی ہے کہ اس معاملے میں ملوث تمام افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

وزارت خارجہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان کو مناسب سزا دلوانے کے لیے قانونی راستہ اختیار کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ حال ہی میں سابق چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کو مڈل ٹیمپل میں بینچر بننے کی تقریب کے دوران پی ٹی آئی کارکنوں کے احتجاج کا سامنا کرنا پڑا، جس میں ملیکہ بخاری، ذلفی بخاری اور اظہر مشوانی نے مظاہرین سے خطاب کیا۔

تقریب کے اختتام پر پی ٹی آئی کے کارکنوں نے ان کی گاڑی پر حملہ کیا اور انکی گاڑی پرمکے مارنا شروع کر دیے۔

ادھر، وزیر داخلہ محسن نقوی نے حملہ آوروں کے پاسپورٹ منسوخ کرنے کا اعلان کیا اور نادرا کو فوری طور پر حملہ آوروں کی شناخت کے لیے اقدامات کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ فوٹیجز کی مدد سے ان کی نشاندہی کی جائے۔

محسن نقوی نے مزید کہا کہ حملہ آوروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی اور ان کے خلاف پاکستان میں ایف آئی آر درج کر کے مزید کارروائی کی جائے گی۔ ان کے شناختی کارڈز بلاک اور پاسپورٹ بھی منسوخ کیے جائیں گے۔

وزیر داخلہ نے یہ بھی کہا کہ جن افراد نے حملہ کیا، ان کی شہریت فوری طور پر منسوخ کرنے کا عمل شروع کیا جائے گا، اور اس معاملے کو وفاقی کابینہ کے سامنے منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔ کسی کو بھی ایسے حملے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More