اسلام آباد: تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت کا کہنا ہے کہ ثاقب نثار کی عدالت میں مجھ پر چالیس دن تک نااہلی کی تلوار لٹکتی رہی لیکن آج تک ان کی برائی نہیں کی۔ کم ظرف ہیں وہ لوگ جو کسی کے جانے کے بعد اس کی برائی کرتے ہیں۔ اگر دلیل نہیں تو پہلے دلیل لائیں بلاوجہ کسی کو مت گھسیٹیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر عامر لیاقت کا کہنا تھا کہ میں نے توہین رسالت کا ارتکاب کرنے والوں کے خلاف پروگرام کیا تو مجھ پر پابندی لگ گئی اور چالیس دن تک ثاقب نثار کی عدالت میں مجھ پر نااہلی کی تلوار لٹکتی رہی۔ لیکن نہ تو ان کے دور میں نہ ہی ان کی ریٹائرمنٹ کے بعد ان کی برائی کی۔ کسی کے جانے کے بعد اس کی برائی کرنے والے لوگ کم ظرف ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میرے پی ٹی آئی سے گلے شکوے بہت سیدھے ہیں۔ ٹی ایل پی اور میرا مسلک ایک ہے اور ٹی ایل پی سے بات کرنے کے لئے ان کو بھیجتے جن کو کچھ پتا ہوتا ہے ۔ عامر لیاقت کا کہنا تھا کہ میں آج بھی لایا گیا ہوں اور ایسے لایا گیا ہوں کہ اب جانے نہیں دے رہے لانے والے بہت اچھے لوگ ہوتے ہیں۔سیاست آکر سیکھا کہ کرپشن کیسے ہوتی ہے اور وفاداریاں کیسے تبدیل ہوتی ہیں۔
