نئے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کا اہم اقدام

اسلام آباد: نئے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے جسٹس منیب اختر کو دوبارہ ججز کمیٹی میں شامل کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق، چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے اپنی ذمہ داریاں سنبھالتے ہی پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی کی نئی تشکیل کی اور جسٹس منیب اختر کو تین رکنی کمیٹی میں واپس شامل کر لیا۔

اس ضمن میں رجسٹرار سپریم کورٹ نے ایک نوٹیفکیشن جاری کیا، جس میں بتایا گیا کہ سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے جسٹس منیب اختر کو ہٹا کر جسٹس امین الدین کو کمیٹی میں شامل کیا تھا۔ نوٹیفکیشن میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ جسٹس امین الدین خان سنیارٹی کی فہرست میں پانچویں نمبر پر ہیں۔ یہ تین رکنی ججز کمیٹی بینچز کی تشکیل اور انسانی حقوق کے مقدمات کا جائزہ لیتی ہے۔

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے حلف لینے کے بعد سپریم کورٹ پہنچ کر گارڈ آف آنر حاصل کیا۔ رجسٹرار سپریم کورٹ نے انہیں گلدستہ پیش کیا، جس کے بعد انہوں نے اپنا چیمبر سنبھال لیا۔

چارج سنبھالتے ہی چیف جسٹس نے 28 اکتوبر کو ججز کا فل کورٹ اجلاس طلب کر لیا۔ نئے چیف جسٹس کے حلف لینے کے بعد سپریم کورٹ کی ویب سائٹ کو بھی اپ ڈیٹ کر دیا گیا، جہاں جسٹس یحییٰ کا نام چیف جسٹس پاکستان کے طور پر شامل کر دیا گیا۔ یحییٰ آفریدی کے بعد سینئر موسٹ جج جسٹس منصور علی شاہ ہیں۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More