اسپین کے بادشاہ فیلیپ جب سیلاب سے متاثرہ علاقے کا دورہ کرنے پہنچے تو مقامی افراد کے احتجاج کی وجہ سے مشکل میں پڑ گئے۔

بادشاہ فیلیپ اور ملکہ لتیزیا نے آج ویلنسیا کے سیلاب سے متاثرہ علاقے پائیپورٹا کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران مقامی لوگوں نے انہیں دیکھتے ہی احتجاج شروع کر دیا اور ان پر کیچڑ پھینکنے لگے۔
سکیورٹی اہلکار بادشاہ اور ملکہ کی حفاظت کے لیے چھتریوں کا سہارا لیتے رہے، جبکہ مقامی افراد ‘قاتل، قاتل’ کے نعرے لگاتے رہے۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بادشاہ فیلیپ چند لوگوں سے گفتگو کر رہے ہیں، جو انہیں بتا رہے ہیں کہ صورت حال کی سنگینی کا پہلے سے علم تھا، مگر کوئی اقدام نہیں کیا گیا۔
اس دوران مقامی افراد ‘واپس جاؤ’ کے نعرے بھی لگاتے رہے۔
یہ بھی یاد رہے کہ اسپین میں 4 روز قبل آنے والے تاریخ کے بدترین سیلاب کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد 214 ہو چکی ہے۔ رپورٹ کے مطابق، طوفانی بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے 2 ہزار افراد اب بھی لاپتا ہیں، جبکہ متعدد لوگ اپنے گھروں اور دیگر مقامات پر پھنسے ہوئے ہیں اور امداد کے منتظر ہیں۔
اسپین کے وزیر اعظم پیڈرو سانچیز نے سیلاب زدہ علاقے ویلنسیا میں پھنسے لوگوں کی مدد کے لیے 10 ہزار فوجی اور پولیس اہلکار بھیجنے کا حکم دیا ہے۔