کراچی میں ڈینگی کے وار بڑھنے لگے۔ ایک ہی روز میں چورانوے افراد ڈینگی کا شکار ہوگئے۔ موذی بیماری کے باعث پہلی ہلاکت بھی سامنے آگئی۔
کراچی میں ڈینگی کے وار شدید ہوگئے۔ محکمہ صحت کے مطابق سندھ بھر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مہلک بیماری کے ستانوے کیسز سامنے آئے جن میں چورانوے مریضوں کا تعلق کراچی سے ہے۔
کراچی کا ضلع وسطی مہلک بیماری سے سب سے زیادہ متاثر ہے جہاں چوبیس گھنٹوں کے دوران ستائیس افراد وائرس سے متاثر ہوئے، شرقی میں چھبیس، جنوبی میں سترہ، غربی میں نو جبکہ ضلع کورنگی اور ملیر میں دو دو ڈینگی کیس رپورٹ ہوئے۔
رواں ماہ کے دوران تاحال کراچی میں ڈینگی سے متاثرہ 347 مریض سامنے آ چکے ہیں، جبکہ ڈینگی سے رواں برس کی پہلی ہلاکت بھی رپورٹ ہوئی ہے۔ مہلک وائرس نے سولجر بازار کی رہائشی انیس سالہ نوجوان کی جان لے لی۔
ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ ڈینگی وبائی صورتحال اختیار کرتا جارہا ہے، شہری مکمل آستین کے کپڑے پہنیں، اطراف میں صاف پانی جمع نا ہونے دیں اور مسلسل تیز بخار کی صورت میں فوری معالج سے رابطہ کریں۔