اسلام آباد: نویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ اثناء عشری جی سکس ٹو سے برآمد ہوگا، جلوس روایتی راستوں سے ہوتا ہوا دوبارہ اسی امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہوگا۔
جی سکس ٹو امام بارگاہ سے برآمد ہونے والا جلوس لال کوارٹر چوک پر پہنچ کر منزل لے گا، جلوس اگلی منزل ون ٹو سٹاپ ہوگی جہاں لنگر حسینی کا وسیع انتظام کیا جائیگا، جلوس کے راستے میں سبیل علی اصغر و سبیل سیدہ سکینہ کا اہتمام بھی کیا جائیگا۔ باجماعت نماز مغربین سکول سٹاپ میلوڈی چوک میں ادا کی جائیگی، نماز مغربین کے ساتھ ہی جلوس نیو آبپارہ سے ہوتا ہوا میلوڈی شہدا چوک پہنچے گا۔
جلوس پولی کلینک چوک،سروس روڈ سے ہوتا ہوا مرکزی امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہوگا۔ آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ تمام متعلقین جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے تمام تر وسائل بر وئے کار لائیں۔ جلوسوں/ مجالس کی نگرانی سیف سٹی وڈرونز کی مدد سے کی جائے گی، مرکزی کنٹرول روم سیف سٹی اسلام آباد میں قائم کیا گیا ہے۔ تمام شہریو ں کی حفاظت اولین تر جیح ہے، محرم الحرام کے تمام ترسیکیورٹی انتظامات کی نگرانی ڈی آئی جی آپریشنزسہیل ظفر چٹھہ خود کریں گے۔
ضلع بھر کی امام بارگاہوں اور برآمد ہونے والے جلوسوں کے فول پروف سکیورٹی انتظامات کئے جائیں۔ جلوسوں کے راستوں میں آنے والی چھوٹی بڑی تمام گلیوں اورغیرضروری راستوں کو خار دارتاروں کے ذریعے بند کیا جائے۔ ایس ایس پی ٹریفک یقینی بنائیں گے کہ گاڑیوں کی پارکنگ امام بارگاہوں سے دورہو۔ شہریوں کی سہولت اور ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لئے متبادل راستوں کا بندوبست کیا جائے۔

جلوسوں کے راستے میں آنے والی تمام بلڈنگ کی چھتوں پرکمانڈوز اور سنائیپرز کو تمام ضروری سامان کے ساتھ تعینات کیا جائے گا۔ جلوس کے فرنٹ لائن میں بم ڈسپوزل سکواڈ کا عملہ جلوس کے راستوں میں جدید ٹیکنالوجی کو استعمال کرتے ہوئے روبوٹ کے ذریعے تمام ترعلاقے کی سرچنگ کریں گے۔ جلوس میں شامل ہونے والے تمام عزاداران بغیر چیکنگ کے جلوس میں شامل نہ ہوں۔
آئی جی اسلام آباد نے مزید کہا کہ جلوس میں شامل ہونے والی خواتین کیلئے الگ راستے اور انکی چیکنگ کیلئے لیڈیز پولیس اہلکار تعینا ت کئے جائیں گے۔ سیکورٹی انتظامات میں کوتاہی اور لاپرواہی ہر گزبرداشت نہیں کی جائے گی۔ محرم الحرام میں امن و مان کو برقرار رکھنے کے لئے مو بائل فون سروس کچھ علاقوں میں بند رہے گی ۔
ڈی سی اسلام آباد کے مطابق نو اور دس محرم کو جی سکس، جی سیون، جی ایٹ اور جی نائن کے علاقوں میں صبح نو بجے سے رات بارہ بجے تک موبائل فون سروس بند رہے گی۔ آئی ٹین اور گردو نواح کے علاقوں میں نو محرم کو رات دس بجے سے صبح چھ بجے تک موبائل فون سروس بند رہے گی۔ اور دس محرم کو صبح دس بجے سے شام چار بجے تک بند رہے گی۔ گیارہ محرم کو بری امام کے علاقوں میں موبائل فون سروس صبح نو بجے سے رات دس بجے تک بند رکھے جائے گی۔
