Urdu

کراچی: ملک بھر میں آج یومِ عاشور عقیدت اور احترام کے ساتھ منایا گیا۔

نواسۂ رسول حضرت امام حسین رضی اللّٰہ عنہ کی لازوال قربانی کی یاد میں ملک بھر کے چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں عاشورہ ٔ محرم الحرام کے جلوس نکالے گئے، مجالسِ عزا برپا کی جا رہی ہیں، عزاداروں کا ماتم اور نوحہ خوانی کی گئی۔

ملک بھر میں عاشورۂ محرم الحرام کے جلوسوں کے راستوں پر سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے تھے۔

کراچی میں مرکزی جلوس سے قبل یومِ عاشور کی مرکزی مجلس صبح 8 بجے نشتر پارک میں منعقد کی گئی جس سے علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے خطاب کیا۔

مجلس کے بعد نشتر پارک سے یومِ عاشور کا مرکزی جلوس برآمد ہوا جو صدر سے ہوتے ہوئے تبت سینٹر کے قریب پہنچا تو جلوس کے شرکاء نے پریڈی تھانے کے سامنے نمازِ ظہرین ادا کی۔

نمازِ ظہرین کی ادائیگی کے بعد مرکزی جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان کھارادر پر اختتام پذیر ہوگیا۔

جلوس کی گزرگاہوں پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، پولیس اور رینجرز اہلکار تعینات ہیں، نشانہ باز اسنائپر سے مسلح اہلکار بلند عمارتوں پر تعینات کیے گئے ہیں۔

جلوس کی فضائی نگرانی کے علاوہ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سے بھی نگرانی کی گئی۔

کراچی میں جلوس کی گزرگاہوں سمیت مختلف مقامات پر موبائل فون سروس معطل رہی۔

سندھ حکومت کی جانب سے کراچی سمیت صوبے بھر میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد ہے۔

محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کی ڈرون کوریج پر بھی پابندی عائد ہے۔

یومِ عاشور کے جلوس کے پیشِ نظر ایم اے جناح روڈ، صدر، ایمپریس مارکیٹ، ریگل، لائٹ ہاؤس کی مارکیٹیں اور دکانیں سِیل کر دی گئی ہیں۔

ٹریفک پولیس کے مطابق ایم اے جناح روڈ ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند ہے، جلوس کے راستوں میں آنے والی گلیوں کو کنٹینر لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ سول اسپتال جانے کے لیے ڈاؤ یونیورسٹی والا راستہ کھلا ہوا ہے، ٹریفک کو سولجر بازار سے کوسٹ گارڈ یا نشتر روڈ پر موڑا جا رہا ہے۔

ناظم آباد سے آنے والے ٹریفک کو لسبیلہ سے نشتر روڈ اور گارڈن بھیجا جا رہا ہے۔

ٹریفک پولیس نے بتایا ہے کہ لیاقت آباد سے آنے والے ٹریفک کو تین ہٹی، مارٹن روڈ، جیل روڈ بھیجا جا رہا ہے۔

سپر ہائی وے سے گاڑیوں کو لیاقت آباد سے ناظم آباد چورنگی بھیجا جا رہا ہے۔

شاہراہِ قائدین سے آنے والے ٹریفک کو خدا داد سگنل سے آگے جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔

Related posts

ٹوئٹر پر بغیر اجازت کسی کی تصویر اور ویڈیو شیئر کرنے پر پابندی

Hassam alam

پنجاب چھیننے کا خواب چکنا چور ہوگا، مریم نواز

Rauf ansari

جنوری سے سرکاری بسیں کراچی میں چلنا شروع ہوجائیں گی،مرتضی وہاب

ibrahim ibrahim

Leave a Comment