اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کا متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے صدر شیخ محمد بن زید سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے جس میں دونوں رہنماوں کا باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم آفس میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ امارات کی جانب سے پاکستان میں مختلف اقتصادی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے حالیہ اعلان کا خیرمقدم کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات ہیں جن کی جڑی مشترکہ اعتقاد، اقدار اور ثقافت سے جڑی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات مشرق وسطیٰ میں پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکتدار اور سرمایہ کاری کا ذریعہ ہے اور وہ 16 لاکھ سے زائد پاکستانیوں کی میزبانی کر رہا ہے۔
وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات میں حالیہ سیلاب کے نتیجے میں پاکستانی شہریوں سمیت قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر متحدہ عرب امارات کے صدر نے پاکستان میں سیلاب سے ہونے والے جانی نقصان اور ہیلی کاپٹر حادثہ میں فوجی جوانوں کی شہادت پر بھی دلی تعزیت کا اظہار کیا۔