نئی دہلی: بھارت میں 3 دن سے جاری طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی ہے جس کے نتیجے میں اب تک 50 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق بھارت کے مشرقی اور شمالی ریاستوں میں 3 دن سے طوفانی بارشیں جاری ہیں جبکہ پہاڑوں سے پانی کا ریلہ رہائشی علاقوں میں داخل ہونے سے ڈیم ٹوٹ گئے اور ندیوں کے شگاف ٹوٹ گئے۔
بھارتی علاقوں میں آنے والے سیلابی ریلوں نے اپنے راستے میں آنے والی ہر چیز کو تہس نہس کر کے رکھ دیا ہے اور لینڈ سلائیڈنگ سمیت دیگر واقعات میں مجموعی طور پر ہلاکتوں کی تعداد 50 ہو گئی ہے جبکہ کئی افراد لاپتہ ہیں۔
بھارت میں بارشوں سے سب سے زیادہ اموات ریاست ہماچل میں ہوئی ہیں جہاں 36 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ اتراکھنڈ میں 15 اور اوڈیشہ میں 5 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
اوڈیشہ میں سیلاب کے باعث 8 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے جن میں سے ایک لاکھ 20 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔