Urdu
ابتک پاکستان پاکستان تازہ ترین عدالتیں و مقدمے

پیراگون ریفرنس: عدم پیشی پر نیب کے چار گواہوں کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

لاہور: احتساب عدالت نے پیراگون ریفرنس میں عدم پیشی پر نیب کے چار گواہوں کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔ عدالت نے سماعت 12 جنوری تک ملتوی کرتے ہوئے ریفرنس کے گواہوں اور خواجہ برادران کو دوبارہ طلب کرلیا۔

لاہور کی احتساب عدالت میں پیراگون ریفرنس پر سماعت ہوئی۔ سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور سابق وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق عدالت میں پیش ہوئے۔ دوران سماعت پیراگون سوسائٹی کی متاثرہ خاتون اور نیب کی گواہ شگفتہ کے بیان پر خواجہ سلمان کے وکیل نے جرح کی۔ عدالت نے طلبی حکم کے باوجود پیش نہ ہونے پر نیب کے چار گواہوں کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

جج نسیم احمد وِرک نے ملزمان اور گواہوں کو 12 جنوری کو دوبارہ طلب کرلیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ملک میں ساڑھے تین سالوں میں تباہی مسلط کی گئی، ن لیگ نے پنجاب میں تمام ضمنی انتخاب جیت کر عوامی عدالت میں پی ٹی آئی کو شکست دی۔

خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ الیکشن کا اعلان ہوتے ہی وزیراعظم کے امیدوار کا بھی اعلان ہوجائے گا، نواز شریف وطن واپس آئیں گے مگر ابھی ظالموں کے ہتھے چڑھنے کی ضرورت نہیں۔ لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ ڈی جی نیب اسلام آباد کی تقرری غیرقانونی کی گئی، عمران خان ابھی بھی نیب کے ذریعے مخالفوں کو ملیا میٹ کرنا چاہتے ہیں، او آئی سی اجلاس میں کشمیر کا معاملہ بھی ایجنڈے میں شامل کرنا چاہئیے تھا۔

Related posts

کشمیریوں کی حق خودارادیت کے لیے جدوجہد کی حمایت کرتے ہیں

Hassam alam

ایشیا کرکٹ کپ:پاک بھارت ہائی وولٹیج ٹاکرا آئندہ ماہ ہو گا

Hassam alam

حکومت نے مدینہ کی ریاست کو جھوٹا قرار دیا، سراج الحق

Hassaan Akif

Leave a Comment