اسلام آباد : مسلم لیگ ق آج ایم کیوایم اور بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) سے ملاقات کرے گی، جس میں حکومتی اتحادی مستقبل کا لائحہ عمل وضع کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر حکومت اور اتحادی جماعتوں کی اہم ملاقاتیں آج ہوں گی ، مسلم لیگ ق،ایم کیو ایم اور بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) سے ملاقات کرے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ق لیگ اور ایم کیوایم کے رہنماؤں کی ملاقات آج ایک بجے ہوگی، ق لیگ کی طرف سے پرویز الہٰی، طارق بشیر چیمہ ودیگر رہنما ملاقات میں موجود ہوں گے۔
ملاقات میں ن لیگ، پی پی رہنماؤں سے ملاقات سے بھی آگاہ کیا جائے گا اور سیاسی صورتحال،تحریک عدم اعتماد پربھی تبادلہ خیال ہوگا۔ ق لیگ ایم کیو ایم سے ملاقات کے بعد 3 بجے بی اے پی رہنماؤں سے ملاقات کرے گی ، ملاقاتوں میں حکومتی اتحادی مستقبل کا لائحہ عمل وضع کیا جائے گا۔