Urdu
تازہ ترین سائنس اور ٹیکنالوجی

پیش ہے 100کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے اڑنے والی موٹرسائیکل

ٹوکیو: قائم ڈرونز کا کاروبار کرنے والی کمپنی اے ایل آئی ٹیکنالوجیز نے اڑنے والی موٹرسائیکل کی آزمائشی پرواز کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔

یہ موٹرسائیکل 60 میل فی گھنٹہ(100 کلومیٹر فی گھنٹہ) کی رفتار سے 40 منٹ تک سفر کر سکتی ہے اور اسے آئندہ سال فروخت کیلئے پیش کیا جائے گا۔ اڑنے والی اس موٹرسائیکل کی ابتدائی قیمت 6 لاکھ82 ہزار ڈالر رکھی گئی ہے اور اس پر ایک فرد بیٹھ سکتا ہے۔ کمپنی فی الحال صرف 200 موٹر سائیکل بنائے گی جو2022 کے پہلے چھ ماہ میں فروخت کیے جائیں گے۔ ایک موٹرسائیکل کا وزن300 کلوگرام ہے۔

تفریحی سرگرمیوں کے علاوہ یہ موٹر سائیکل سمندر میں حادثات سے لوگوں کو بچانے میں مدد کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ تجرباتی پرواز کے دوران موٹر سائیکل زمین سے کئی فٹ اوپراور تقریباً ڈیڑھ منٹ تک پرواز کرتا رہا۔ اس کے پہیوں کی جگہ ہیلی کاپٹر کی طرز کے اسٹینڈ لگائے گئے ہیں۔ اس میں ایک خامی یہ ہے کہ پرواز کے وقت شور بہت زیادہ پیدا ہوتا ہے یہی وجہ ہے کہ پرواز کا مشاہدہ کرنے والوں کو ایئرپلگ دیئے گئے تھے۔

اے ایل آئی ٹیکنالوجیز کے مطابق موٹرسائیکل میں ڈرون ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے جو پرواز کے دوران اس کا توازن برقرار رکھتی ہے۔ یہ موٹرسائیکل اڑنے والی ان چند گاڑیوں میں سے ہے جو اس وقت مارکیٹ میں آنے کی تیاری کر رہی ہیں۔

جولائی 2021 میں کیلیفورنیا میں بھی اڑنے والی اسپیڈر سائیکل کی کامیاب آزمائشی پرواز کی گئی تھی، جو15ہزار فٹ کی اونچائی تک پہنچ سکتی ہے اور فی الحال اس کی قیمت3 لاکھ 80 ہزار ڈالر رکھی گئی ہے۔ کمپنی اس سائیکل کو 2023 میں ڈیلیور کرنے کے لیے آرڈر بھی بک کر رہی ہے۔

Related posts

ایم کیو ایم کا بلدیاتی قانون کے خلاف دھرنا ختم

Hassaan Akif

قومی کرکٹ ٹیم ٹی 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں بھی فتح یاب ہوگی

Hassam alam

سابق ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن نے عبوری ضمانت لے لی

ibrahim ibrahim

Leave a Comment