وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا اور جانوں کی پرواہ نہ کرنے والے غازیوں کو خراجِ تحسین اور شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ملک بھر میں یومِ دفاع بھرپور ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔
یومِ دفاع کے موقع پر دن کا آغاز نمازِ فجر کے بعد ملک کی ترقی و خوشحالی اور مقبوضہ جموں و کشمیر کو بھارت کے ظالمانہ چنگل سے آزاد کرانے کے لیے مساجد میں خصوصی دعائیں مانگ کر کیا گیا، جب کہ شہدا کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دن کا آغاز 31 جب کہ صوبائی دارالحکومتوں میں21 ،21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔
انیس سو پینسٹھ کی جنگ قومی تاریخ کا درخشاں باب ہے جس میں دشمن کو عبرتناک شکست ہوئی اور پاکستانی فوج نے ہمت اور شجاعت کی نئی تاریخ رقم کی۔ جنگ ستمبر کی یاد میں نیول ہیڈکوارٹرز اور تمام نیول، ایئر بیسز اور چھاونیوں میں خصوصی تقریبات ہوں گی جن میں شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔ اس موقع پر دفاعی سازو سامان کی نمائش بھی کی جائے گی۔
یوم دفاع کا مقصد شہیدوں اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کرنا اور اس عزم کا اظہار کرنا ہے کہ تمام خطرات کے باوجود مادر وطن کا دفاع کیا جائے گا 1965 میں آج ہی کے دن بھارتی فوجیوں نے پاکستان حملہ کرنے کے لیئے رات کے اندھیرے میں بین الاقوامی سرحد عبو کی لیکن قوم نے دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔
