تحریک عدم اعتماد کے لیے پر اعتماد ہیں، مرتضی وہاب

کراچی: ایڈمنسٹریٹر کراچی و ترجمان سندھ حکومت مرتضی وہاب کہتے ہیں کہ تحریک عدم اعتماد کے لیے پر اعتماد ہیں۔ جو کہتے تھے گھبرانا نہیں ہے آج عوام کی طاقت سے گھبرا کر اتحادیوں سے رابطے کررہے ہیں۔

کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں واقع صہبا اختر پارک میں پھولوں کی نمائش کے افتتاح کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضی وہاب کا کہنا تھا کہ ہم تحریک عدم اعتماد کے لیے پر اعتماد ہیں۔ شہر کے پارکوں میں پھولوں کی بہار کے ساتھ ساتھ ملک میں سیاسی بہار لانے کی کوشش کررہے ہیں ۔

مرتضی وہاب کا کہنا تھا کہ گھبرانے سے منع کرنے والے آج خود گھبراہٹ کا شکار ہیں۔ ہمارا مارچ حیدرآباد پہنچا تو ملک میں ایندھن کی قیمتیں کم ہوگئیں۔ اب عوامی طاقت دیکھ کر اتحادیوں کو بھی لفٹ کرانا شروع کردیا ہے۔

ترجمان سندھ حکومت مرتضی وہاب کا مزید کہنا تھا کہ شاہ محمود جسے بچہ کہتے ہیں وہ نوجوانوں کی قیادت کررہا ہے۔شاہ محمود کو ان کے ہوم گرائونڈ پر ہی عوام نے مسترد کردیا۔ سندھ میں بھی خالی کرسیوں سے خطاب کیا۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی کا کہنا تھا کہ میرے پاس کوئی نیا اختیار نہیں پھر بھی کراچی کے عوام کی خدمت کررہے ہیں۔ کراچی کے مسائل جلد حل ہونگے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More