اسلام آباد: تحریک انصاف نے 27 مارچ کو ڈی چوک کے بجائے پریڈ گراؤنڈ اسلام آباد میں جلسہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جلسہ گاہ کی تبدیلی کے لیے درخواست ضلعی انتظامیہ کو دے دی گئی ہے۔
تحریک انصاف نے27 مارچ کے جلسے کی جگہ تبدیل کر لی ہے ۔ سینیٹر فیصل جاوید اور معاون خصوصی برائے سی ڈی اے امور علی نواز اعوان نے ضلعی انتظامیہ اسلام آباد کے آفس میں میں تحریری طور پر جلسہ گاہ کی تبدیلی کے لیے درخواست دے دی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ ہم نے جتنےجلسے کئے قوانین کو مانا ہے۔ ڈی چوک جلسہ کرنے کی بجائے پریڈ ایونیو میں جلسہ کرنے جارہے ہیں۔امر بالمعروف جلسے ملکی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا۔ جتنے لوگ آنے ہیں ڈی چوک میں جگہ کم پڑجانی تھی۔
معاون خصوصی علی نواز اعوان نے کہا کہ ستائیس تاریخ کو پریڈ گراؤنڈ بھی تھوڑا پڑے گا، یہ حق اور باطل کی جنگ بنی ہوئی ہے، اگر مستقبل کی سمت کا تعین ہونا ہے تو ستائیس تاریخ کو ہونا ہے، ان کا کہنا تھا کہ ستائیس کو عوام اٹھائیس کو اسمبلی میں اعتماد ملے گا۔