اسلام آباد:جرمن وزیر خارجہ انالینا بیئربوک سات جون سے پاکستان کا دو روزہ دورہ کریں گی۔وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی دعوت پر جرمن وزیر خارجہ امور اینالینا پاکستان کا دورہ کر رہی ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جرمن وزیر خارجہ کا پاکستان کا پہلا دورہ ہوگا۔ دورے کے دوران دونوں وزرائے خارجہ وفود کی سطح پر دو طرفہ امور پر بات چیت کریں گے۔ جرمن وزیر خارجہ وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کریں گی۔ ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ جرمنی دو طرفہ اور یورپی یونین کے تناظر میں پاکستان کا قابل قدر شراکت دار ہے۔ ترجمان نے کہا کہ دونوں ممالک تجارت اور سرمایہ کاری، توانائی، دفاع اور عوام سے عوام کے رابطوں سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کو خصوصی اہمیت دیتے ہیں۔
