اسلام آباد: پاکستان کی جانب سے ملک میں دہشت گردی کی کاروائیوں میں بھارتی تکنیکی حمایت کا الزام ۔ ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار کہتے ہیں؛ پاکستان زیر التوا مسائل کے حل کے لیے بھارت سے بامقصد اور نتیجہ خیز مذاکرات کا خواہاں ہے تاہم مذاکرات کیلئے ماحول کو سازگار بنانا بھارت کی ذمہ داری ہے۔ روس پر پابندیوں سے پاکستان سمیت کئی ترقی پذیر ممالک متاثر ہوں گے۔
وزارت خارجہ میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہا ہے کہ پاکستان زیر التوا مسائل کے حل کے لیے بھارت سے بامقصد اور نتیجہ خیز مذاکرات کا خواہاں ہے لیکن اس نوعیت کے مذاکرات کے آغاز کیلئے ماحول کو سازگار بنانا بھارت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ روس پر پابندیوں سے پاکستان سمیت کئی ترقی پذیر ممالک متاثر ہوں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ افغانستان میں زلزلے اور سیلاب سے انسانی جانوں اور مالی نقصان پر دلی تعزیت کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر افغان بھائیوں کے لیے امداد فراہم کی گئی ہے۔ ڈس انفارمیشن کے تدارک کے لیے فرینڈز آف گروپ کا اجلاس انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے فرینڈز آف گروپ کے اجلاس سے خطاب میں ڈس انفارمیشن کے مقابلے کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور منظم حکمت عملی بنانے پر زور دیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ کینیڈین پارلیمنٹ میں پاکستان کے اندرونی معاملات سے متعلق دیئے گئے بے بنیاد اور غلط ریمارکس پر کینیڈین ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کر کے احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔ ترجمان کے مطابق بھارت پاکستان میں دہشت گردی کی کاروائیوں کی تکنیکی حمایت کرتا رہا ہے۔ پاکستان بھارت کے غیرقانونی زیر قبضہ جموں کشمیر میں مزید گیارہ کشمیریوں کے ماوارئے عدالت قتل کی شدید مذمت کرتا ہے۔
