پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ 5 جولائی 1977 قومی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، ڈکٹیٹر کے ہاتھوں پہلے منتخب وزیراعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت کا خاتمہ کیا گیا۔
پانچ جولائی کےموقع پراپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان آج تک جن سیاسی، معاشی اور معاشرتی بیماریوں کو جھیل رہا ہے، ان کے تانے بانے جنرل ضیاء کے سیاہ دور سے ملتے ہیں پاکستان کی سیاسی و معاشرتی زندگی میں لسانیت و فرقیوارانہ سوچ کا زہر گھولاگیا اورجمہوریت پسند و وفاق پرست سیاسی جماعتوں پر زمین تنگ کی گئی۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کو سیاسی منظر سے ہٹانے کے لیے عدالتی قتل کا اسٹیج تیار کیا گیا،پیپلز پارٹی کی قیادت اور کارکنان کو جیلوں میں بند کیا، کوڑے مارے گئے اور جلاوطن ہونے پر مجبور کیا گیا،پیپلز پارٹی ملک میں آئین، جمہوریت اور پارلیمانی بالادستی کے محافظ کا کردار ادا کرتی رہے گی۔
