لاہور: چئیرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ ضمنی انتخابات میں دھاندلی ہوئی عوامی ردعمل آئے گا۔ گرفتاری کیلئے تیار ہوں،تگڑے طریقے سے حکومت میں واپس آؤں گا کسی سے اتحاد بنانے کی بجائے اپوزیشن کو ترجیح دوں گا۔
زمان پارک لاہور میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے لاہور کے چار حلقوں کے امیدواروں نے ملاقات کی۔ امیدواروں لاہور میں ضمنی انتخابات کی تیاریوں کے حوالےسے بریفنگ دی۔ صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے ساتھ اشتراک کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ملک کو بحران سے نکالنے کا واحد راستہ شفاف انتخابات ہیں، کمزور مینڈیٹ ملا تو حکومت نہیں بناوں گا ۔
زمان پارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما تحریک انصاف عندلیب عباس کا کہنا تھا کہ ضمنی انتخابات کی تیاری بھرپور ہے۔ پنجاب کی بیس نشستوں پر تحریک انصاف ہی سرخرو ہوگی۔ عندلیب عباس کا کہنا تھا کہ امپورٹڈ حکومت نے عوام کی مشکلات میں غیر معمولی اضافہ کیا ہے۔ کامیاب جلسوں سے واضح ہوگیا کہ تحریک انصاف کی مقبولیت کا گراف اوپر جارہا ہے۔
