کراچی: پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفی کمال کا کہنا ہے کہ دنیا چاند پرجارہی ہے اور ہم گٹر کے ڈھکن نہیں لگا سکتے۔ 75 سال میں ایک بھی نیا شہر نہیں بنایا گیا دنیا بھر میں نئے شہر آباد کیے جاتے ہیں۔ بدقسمت شہر کراچی ہے، آج بھی پاکستان میں سب سے ریونیو کراچی دے رہا ہے۔
پاکستان ہاؤس کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ایس پی مصطفی کمال نے کہا کہ پاکستان کے حکمرانوں سے مطالبہ کرنا اپنا مذاق سمجھتا ہوں، صرف پاکستان کی عوام سے بات کر رہا ہوں۔ 14 سال سے پیپلزپارٹی کی حکومت ہے۔ پیپلزپارٹی حکومت نے ایک قطرہ پانی کا نہیں دیا۔
چئیرمین پاک سرزمین پارٹی نے کہا کہ پورے پاکستان کا 60 فیصد ریونیو کراچی دے رہا ہے۔ کراچی پورے پاکستان کا فنانشل حب اور گیٹ وے ہے۔ کراچی کا شئیر3 سو ارب روپے ملنا چاہیے تھا صرف 38 ارب روپے دیا گیا۔ 38 ارب روپے بھی پورا نہیں ملا، وہ بھی زیادہ تر کرپشن کی نظر ہوگیا۔
مصطفی کمال کا مزید کہنا تھا کہ بنگلہ دیش جیسے ملک نے ترقی حاصل کرنے کے لیے نئے شہرآباد کیے ہیں۔دنیا نے سمجھ لیا ہے اگر کسی ملک کو اکانومیکل ترقی یافتہ بنانا ہے تونئے شہروں پر توجہ دے کر بنا سکتے ہیں۔
