فرح خان کو نیب میں طلبی کا نوٹس جاری

لاہور: سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی دوست فرح خان نیب کے ریڈار پر آگئی۔ آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں نیب لاہور نے بیس جولائی کو طلبی کا نوٹس جاری کردیا۔ دوسری جانب عطا تارڑ نے فرح خان کی جانب سے بھیجے گئے ہتک عزت کے لیگل نوٹس کا جواب دے دیا ہے۔

نیب لاہور نے آمدن سے زائد اثاثوں اور منی لانڈرنگ کیس میں فرحت شہزادی کو طلبی کے نوٹس ارسال کردیے ۔ نیب لاہور کے مطابق فرح خان کو بیس جولائی کو خاندان کے کسی مرد کے ہمراہ ٹھوکر نیاز بیگ دفتر میں ڈپٹی ڈائریکٹر کے روبرو پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ انکے شوہر احسن اقبال جمیل کو بھی بیس جولائی کو ہی نیب لاہور آفس طلب کیاگیا۔

دوسری جانب جاب کے وزیر داخلہ عطا اللہ تارڑ نے فرح خان کی طرف سے بھیجے گئے چھ ارب کے ہتک عزت کے لیگل نوٹس کا جواب دے دیا۔ فرح خان نے الزام لگایا تھا کہ عطا اللہ تارڑ نے مختلف میڈیا ٹاکس اور پریس کانفرنسز میں مجھے فرح گوگی کے نام سے پکارا اور جان بوجھ کر میرے اوپر بے بنیاد الزامات لگائے جس سے میری ہتک عزت ہوئی اور میری ساکھ کو نقصان پہنچا۔ وکیل عطاء اللہ تارڑ کے مطابق فرح خان پہلے بھی ہر جگہ فرح گوگی کے نام سے مشہور اور انکا نام بطور فرح گوگی گوگل سرچ انجن میں موجود ہے،فرح خان کی طرف سے میرے موکل عطا اللہ تارڑ پر لگائے گئے الزامات غلط اور بے بنیاد ہیں۔

لیگل نوٹس کے جواب میں کہا گیا ہے کہ فرح خان نے قومی خزانے سے اربوں روپے لوٹے،انہوں نے احسن جمیل گجر اور بشریٰ بی بی کے ساتھ مل کر عمران خان کی سرپرستی میں کرپشن کے ریکارڈ توڑے۔ فرح خان کے خلاف وفاقی اور صوبائی اینٹی کرپشن ایجنسیز کی طرف سے تحقیقات جاری ہیں اور وہ ملک سے فرار ہو چکی ہے۔ قانون کے مطابق ریڈ وارنٹ کے ذریعے فرح خان کو واپس لانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں،وطن واپسی پر دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More