اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات کے حوالے سے میڈیا کے لیے ضابطۂ اخلاق جاری کر دیا۔ میڈیا ایسی کوئی چیز شائع نہیں کرے گا جس سے کسی سیاسی جماعت یا امیدوار کے خلاف رائے عامہ پر منفی اثر پڑے۔
ضابطۂ اخلاق کے مطابق کسی سیاسی جماعت یا امیدوار سے متعلق کسی بھی خبر سے پہلے مناسب احتیاط برتی جائے گی۔ میڈیا صرف پریزائیڈنگ آفیسر اور ریٹرننگ آفیسر کے ذریعے سرکاری طور پر جاری انتخابی نتائج نشر کرے گا۔
ضابطۂ اخلاق میں کہا گیا ہے کہ امیدوار کی ذاتی زندگی کے بارے میں کسی بھی قسم کے ریمارکس سے گریز کیا جائے گا، ایسے الزامات اور بیانات سے سختی سے گریز کیا جائے جو قومی یکجہتی کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔ رپورٹنگ میں ایسی زبان استعمال نہ کی جائے جو نسل، جنس، زبان، مذہب سمیت کسی بھی بنیاد پر تشدد کو ہوا دے۔
ضابطۂ اخلاق کے مطابق میڈیا کو صرف ایک بار ووٹنگ کے عمل یا گنتی کے عمل کی ویڈیو بنانے کی اجازت ہو گی۔ میڈیا کسی پولنگ اسٹیشن کا غیر سرکاری نتیجہ پولنگ کے اختتام کے ایک گھنٹے بعد نشر کرے گا۔
