الیکشن کمیشن کا جھگڑے کے واقعات کا نوٹس

لاہور: صوبائی الیکشن کمیشن نے پی پی 158 لاہور میں جھگڑے کا نوٹس لے لیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے پی پی 158 لاہور میں تصادم پر ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر کو ہدایات جاری کر دیں۔ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر کو واقعے کا جائزہ لینے اور سیکیورٹی حکام سے رابطے کا کہا گیا ہے۔ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر کا کہنا ہے کہ صورتحال پر جلد قابو پا لیا جائے گا۔

پنجاب اسمبلی کے فیصل آباد کے حلقے پی پی 97 میں ضمنی انتخاب کے دوران پولنگ اسٹیشن نمبر 72 میں جھگڑا ہوا ہے، جس میں بیلٹ پیپر پھٹ گیا۔ ذرائع کے مطابق بزرگ شہری کے ساتھ ایک اور شخص پولنگ بوتھ میں جانا چاہتا تھا پولنگ ایجنٹ کے منع کرنے پر جھگڑا ہوا۔

پولنگ ایجنٹ اور ووٹر کے ساتھ آئے شخص کے درمیان جھگڑے میں بیلٹ پیپر پھٹ گیا۔ واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری پولنگ اسٹیشن پہنچ گئی جس نے صورتِ حال کو قابو میں کیا۔

الیکشن کمیشن کے ترجمان نے مزید بتایا ہے کہ پنجاب میں آج ہونے والے ضمنی انتخابات کے دوران الیکشن کمیشن کو کنٹرول روم میں 6 شکایات موصول ہوئی ہیں۔ ترجمان الیکشن کمیشن کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ شکایات پولنگ اسٹیشنز پر ووٹرز اور کارکنان میں لڑائی جھگڑے سے متعلق ہیں، حکام معاملات کو کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔

پنجاب کے 20 حلقوں میں ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ پولنگ جاری ہے، صبح 8 بجے شروع ہونے والا ووٹنگ کا عمل بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔ 20 صوبائی حلقوں میں 175 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہو رہا ہے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More