چیف الیکشن کمشنر فوری استعفیٰ دے،عمران خان

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر فوری استعفیٰ دے، ہمیں اس پر کوئی اعتماد نہیں ہے ہمیں ہروانے کے لیے ہر حربہ استعمال کیا گیا۔

اپنے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ اب قوم جاگ چکی ہے، ہمارا مینڈیٹ چوری کرنے والوں کو اب ہر جگہ شکست ہو گی، صرف ایک ہی راستہ ہے، صاف اور شفاف الیکشن، اس الیکشن کمشنر کے نیچے صاف اور شفاف الیکشن نہیں ہو سکتا۔ بند کمروں میں فیصلے کرنے والے کسی غلط فہمی میں نہ رہیں۔

عمران خان نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر غیر جانبدار آدمی نہیں ان کو نہیں مانتے، ایک مرتبہ ملک میں سیاسی استحکام آجائے تو ملک ترقی کی راہ پر چل پڑے گا، ملک میں سیاسی استحکام صاف اور شفاف الیکشن کے بغیر نہیں آئے گا۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ اس الیکشن کمیشن نے سارے فیصلے ہمارے خلاف کیے، سندھ کا صوبائی الیکشن کمشنر سندھ حکومت کا نوکر ہے اس الیکشن کمشنر نے ہمیں ہروانے کے لیے ہر حربہ استعمال کیا، تمام رکاوٹوں اور ریاستی مشینری کے استعمال کے باوجود ہم نے پنجاب کا الیکشن جیتا ہے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More