لاہور:وزیر اعظم شہباز شریف کی زیرِصدارت اتحادی جماعتوں کے اجلاس میں اسمبلیوں کی مدت پوری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس بات پر اتفاق کیا کہ قبل از وقت انتخابات بہتر آپشن نہیں۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ تمام اتحادی جماعتیں پنجاب میں وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کو بچانے کے لیے کوشش کریں گی۔
ماڈل ٹاؤن میں وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اتحادی جماعتوں کا اہم اجلاس ہوا جس میں سابق صدر آصف علی زرداری اور مولانا فضل الرحمان سمیت دیگر جماعتوں کے سربراہوں اور رہنماؤں نے شرکت کی۔ یہ اجلاس پنجاب کے ضمنی الیکشن میں شکست کی وجوہات کا جائزہ لینے کیلئے بلایا گیا تھا۔
پارٹی ذرائع نے بتایا کہ قبل از وقت انتخابات عمران خان کے دباؤ پر نہیں بلکہ حکومتی اتحاد کے متفقہ فیصلے کے تحت ہوں گے اور اسمبلیاں اپنی مدت پوری کریں گی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عمران خان کے اداروں کیخلاف بیانیے کا توڑ کرنے کے لئے نیا حکومتی بیانیہ لانچ کیا جائے گا۔
