بلوچستان کے علاقہ ہرنائی میں دہشت گردوں کا سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ۔ فائرنگ کے تبادلے میں دو جوان شہید، میجر عمر زخمی ہوگئے۔
آئی ایس پی ار کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ہرنائی میں دہشت گردوں کے حملے کو کامیابی سے پسپا کر دیا، بچ نکل کر بھاگتے ہوئے دہشت گردوں کا قریبی پہاڑوں میں تعاقب کیا گیا، فرار ہوتے ہوئے دہشت گردوں کے گرد گھیرا ڈالنے کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے دوران دو جوانوں نائیک عاطف اور سپاہی قیوم نے جام شہادت نوش کیا۔ دہشتگردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے اورانہیں سخت نقصان پہنچاتے میجر عمر زخمی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ وطن کے 75ویں یوم آزادی کے موقع پر سیکیورٹی فورسز باقی قوم کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں،سیکیورٹی فورسز بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو نقصان پہنچانے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لئے پرعزم ہیں۔
