وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کا شہزادہ محمد بن سلمان سے ٹیلیفون پر گفتگو کنگ سلمان بن عبدالعزیز کے لیئے نیک تمناؤں کا اظہار۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ دفاع ولی عہد سعودیہ عرب شہزادہ محمد بن سلمان آل سعود سے ٹیلی فون پر گفتگو کی جس میں انہوں نے خادم الحرمین شریفین کنگ سلمان بن عبدل العزیز کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
ولی عہد سعودی عرب نے وزیرِ اعظم اور پاکستانی قوم کو پچھترویں یومِ آزادی پر مبارکباد پیش کی. ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا.
دونوں راہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا اور دونوں برادر ملکوں کے درمیان برسوں پر محیط مضبوط برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیرِ اعظم کے اپریل 2022 کے دورے کے دوران لئے گئے فیصلوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا جبکہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین سرمایہ کاری، توانائی اور تجارت کے شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید تیز کرنے پر اتفاق کیا۔
وزیرِ اعظم نے برادر ملک سعودی عرب کی پاکستان کے مشکل وقت میں مدد کا ذکر کرتے ہوئے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا پاکستان کی معیشت کے استحکام اور ترقی کیلئے حالیہ تعاون پر شکریہ ادا کیا.
