لاہور: پنجاب میں کورونا وائرس کے بعد ڈینگی مچھر بھی بے قابو ہوگیا ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق صوبے بھر میں مزید ڈینگی کے 23 کنفرم کیسز جبکہ کورونا کے ایک سو نواسی مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔
پنجاب میں کورونا وائرس کے ساتھ ڈینگی مچھر کے وار بھی جاری ہیں۔ محکمہ صحت کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر سے ڈینگی کے 23 مریض رپورٹ ہوئے ہیں جن میں 13 مریضوں کا تعلق راولپنڈی سے ہے۔
اسی طرح لاہور سے 5، اٹک سے 3 جبکہ گجرات، شیخوپورہ اور ملتان سے ایک کیس رپورٹ ہوا جبکہ لاہور سمیت صوبہ بھر کے ہسپتالوں میں ڈینگی کے 67 مریض زیر اعلاج ہیں۔ عداوشمار کے مطابق رواں سال کے دوران پنجاب بھر میں اب تک ڈینگی کے 439 مریض رپورٹ ہو چکے ہیں۔
دوسری جانب محکمہ صحت کے جاری کردہ اعدوشمار کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر سے کورونا کے 189 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 518,467 ہو چکی ہے جبکہ مہلک وائرس کے باعث اموات کی کل تعداد 13,594 تک جاپہنچی ہے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر کے تمام شہروں میں کورونا کے مثبت کیسز کی مجموعی شرح 3.3 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔
