اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے حیدرآباد ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ ملتوی کردیا ہے جب کہ کراچی ڈویژن میں حالات کا جائزہ لینے کے لیے آج اجلاس طلب کر لیا ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حیدرآباد ڈویژن میں بلدیاتی الیکشن سیلاب، نقصانات اور لوگوں کی نقل مکانی کے باعث ملتوی کیے گئے ہیں۔
اعلامیے کے تحت بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ حیدرآباد ڈویژن میں صوبائی الیکشن کمشنر اور ضلعی انتظامیہ کی سفارش پر ملتوی کیا گیا ہے۔
کراچی ڈویژن میں حالات کاجائزہ لینے کیلئے 24 اگست کو اجلاس طلب کر لیا گیا ہے جس میں بارشوں اورسیلاب کی صورتحال کاجائزہ لیا جائے گا۔ اجلاس میں کراچی کے حوالے سے حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کے تحت حیدرآباد ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات 28 اگست کو ہونے تھے۔
