وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعامن میمن کا کہنا ہے کہ سندھ میں موجود سیلاب کا پانی نیچے جا رہا ہےاور پانی جیسے جیسے نیچے جائے گا صورتحال بہتر ہوتی جائےگی۔
کراچی وزیراعلیٰ ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ وزیرِاعلیٰ سندھ کی زیر صدارت خصوصی ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا، جس میں بارشوں اور سیلاب کی صورتحال سے متعلق بریفنگ دی گئی اور کئی اہم فیصلے ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں موجود سیلاب کا پانی نیچے جا رہا ہے، دادو میں ایف پی بند میں شگاف کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، یہ شگاف محکمہ آبپاشی اور فوج کے انجینرز مل کر بند کریں گے جبکہ ریلوے ٹریک کو بحال کرنے کے لیے بھی فوری نکاسی آب کا کام شروع کیا جائے گا۔
شرجیل انعام میمن کا مزید کہنا تھا کہ خیرپور اور نوشہرو فیروز کا پانی روہڑی کینال میں ڈالا جائے گا، سکھر سے پانی نیچے جا رہا ہے مگر کوٹری سے پانی آہستہ کم ہو رہا ہے۔