کراچی کے لیے 500 بسوں کا منصوبہ، شرجیل میمن کا اہم بیان جاری

کراچی: وزیر ٹرانسپورٹ سندھ، شرجیل میمن نے کراچی کے شہریوں کے لیے 500 بسیں ٹرانسپورٹ سسٹم میں شامل کرنے کے منصوبے کی تفصیلات فراہم کیں۔

وزیر اعلیٰ سندھ، مراد علی شاہ کی زیر صدارت مختلف محکموں کے منعقدہ مشترکہ اجلاس میں صوبائی وزیر شرجیل میمن نے مختلف منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔

وزیر ٹرانسپورٹ نے بتایا کہ یلو لائن بی آر ٹی منصوبے میں شامل بسوں کے آپریشن کو پرائیویٹ پارٹنر کے ذریعے چلایا جائے گاجبکہ وزیر اعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ یلو لائن کی فزیبلیٹی نومبر 2024 تک مکمل کی جائے۔

اجلاس میں شرجیل میمن نے کہا کہ کراچی کے ٹرانسپورٹ سسٹم میں 500 الیکٹرک بسیں شامل کرنے کا منصوبہ ہے، اور یہ بسیں مختلف روٹس پر چلیں گی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ بسوں کے لیے ڈونر ایجنسیز کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔

شرجیل میمن نے یہ بھی کہا کہ وہ 300 ڈیزل، ہائبرڈ یا الیکٹرک بسیں پانچ اضلاع میں شروع کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، انٹرا سٹی روٹس کے لیے یہ بسیں فراہم کی جائیں گی۔

انہوں نے وضاحت کی کہ ہر ڈویژن کو 60 بسیں فراہم کی جائیں گی، جن میں کراچی، حیدر آباد، سکھر، لاڑکانہ، میرپور خاص اور شہید بے نظیر آباد شامل ہیں۔

اجلاس میں وزیر توانائی ناصر حسین شاہ نے کول گیسی فکیشن کے منصوبوں کی موجودہ صورت حال پر روشنی ڈالی، جس پر وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ چینی حکام کے ساتھ کول سے گیسی فکیشن کے پراجیکٹ کے بارے میں بات چیت کی جائے گی۔

مراد علی شاہ نے ناصر حسین شاہ کو اس منصوبے پر کام کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More