رواں سال کا اکتوبر بھی اسرائیل کے لیے مشکل ثابت ہوا، جانی نقصان کی تفصیلات سامنے آ گئیں۔

غزہ اور لبنان میں جاری جنگ اور اسرائیل میں فلسطینی مزاحمت کاروں کی کارروائیوں کے باعث اکتوبر کا مہینہ اسرائیل کے لیے انتہائی مہلک ثابت ہوا۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق، اکتوبر میں ہونے والے جانی نقصان کے لحاظ سے یہ مہینہ رواں سال کا سب سے زیادہ مہلک رہا۔

جنوبی لبنان میں جاری زمینی کارروائی کے دوران گزشتہ ایک ماہ میں 37 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوئے۔

غزہ میں جاری لڑائی میں فلسطینی مزاحمت کاروں کے حملوں میں مجموعی طور پر 19 اسرائیلی فوجی جان سے گئے، جبکہ ایک فوجی ایک حادثے میں ہلاک ہوا۔ مزید برآں، غزہ میں ایک اسرائیلی قیدی کی ہلاکت کی بھی تصدیق ہوئی۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق، اکتوبر کے مہینے میں اسرائیل کے اندر فلسطینی مزاحمت کاروں کے حملوں کے نتیجے میں 9 اسرائیلی شہری اور 2 پولیس اہلکار ہلاک ہوئے۔ ان میں سے سب سے مہلک حملہ یکم اکتوبر کو تل ابیب کے قریب ہوا، جس میں 7 اسرائیلی جان کی بازی ہار گئے۔

اکتوبر میں اسرائیل پر ہونے والے ڈرون اور میزائل حملوں میں مجموعی طور پر 13 شہری ہلاک ہوئے، جبکہ ڈرون حملوں کے باعث 6 اسرائیلی فوجی بھی جان سے گئے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق، غزہ اور لبنان میں جاری جنگ، ڈرون اور راکٹ حملوں اور اسرائیل کے اندر فلسطینی مزاحمت کاروں کی کارروائیوں کے نتیجے میں اکتوبر میں فوج اور پولیس کے اہلکاروں سمیت 88 اسرائیلی ہلاک ہوئے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More