اسلام آباد:مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ مزید ویڈیوز آنے کا مجھے تو علم نہیں ہے لیکن جب گناہ ہوتا ہے تو اس کا ثبوت بھی کہیں نہ کہیں ہوتا ہے۔
اسلام آباد میں سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی لیک آڈیو کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ پہلے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا تھا کہ یہ آواز ان کی نہیں ہے، ثاقب نثار کو آج نہیں تو کل سچ بتانا پڑے گا، پہلی گواہی شوکت عزیز صدیقی صاحب کی تھی۔
مریم نواز کا کہنا ہے کہ ثاقب نثار بتائیں کہ کس نے انہیں کہا کہ عمران خان کو لانا ہے، بتائیں آپ کو کس نے مجبور کیا کہ نواز شریف اور مجھے سزا دیں۔انہوں نے سابق چیف جسٹس سے سوال کیا کہ ثاقب نثار بتائیں کہ آپ غیر قانونی اقدامات پر کیوں مجبور ہوئے اور وہ کون تھا جسے آپ بطور چیف جسٹس انکار نہیں کر سکتے تھے۔
پریس کانفرنس کے دوران ایک صحافی کی جانب سے پوچھے گئے سوال کہ کیا کوئی اور وڈیوز بھی آ رہی ہیں؟ تو مریم نوز نے جواب دیا کہ مزید ویڈیوز آنے کا مجھے تو علم نہیں ہے لیکن جب گناہ ہوتا ہے تو اس کا ثبوت بھی کہیں نہ کہیں ہوتا ہے۔