اسلام آباد: دمشق ائیرپورٹ پر بمباری اور پروازیں منسوخ ہونے کے شام میں پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کیلئے پی آئی اے نے طیارہ بھیجنے کے انتظامات مکمل کرلئے، وفاقی وزیر ہوابازی کی خصوصی ہدایات پر پی آئی اے پیر 13 جون کو پرواز شام بھیجے گی۔
پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ حفیظ خان کی طرف سے اتوار کو جاری بیان کے مطابق شام میں پاکستان کے سفیر کی استدعا پر پی آئی اے نے طیارہ بھیجنے کے انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔ شام میں پاکستان کے سفیر نے پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو افسر اورحکومت کو مکتوب لکھا ہے اور شام میں پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کیلئے شامی شہر حلب پروازیں بھیجنے کا کہا گیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ وفاقی وزیر ہوابازی خواجہ سعد رفیق نے اس سلسلہ میں خصوصی ہدایات جاری کی ہیں جس پر پی آئی اے نے پیر 13 جون کو پرواز بھیجنے کے انتظامات مکمل کرلئے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ پہلے مرحلے میں دمشق سے بذریعہ بس پاکستانیوں کو حلب منتقل کیا جائے گا جہاں سے پی آئی اے کا طیارہ ان کو وطن واپس لائے گا۔
وزارت ہوابازی کے حکام کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کی پروازوں کی وجہ سے تمام زائرین 24 گھنٹوں کے اندر وطن پہنچنا شروع ہو جائیں گے، پی آئی اے ایک قومی ادارہ ہے اور ہمیشہ ایسے مواقعوں پر اپنی خدمات کو ملک کیلئے پیش کرتا ہے۔