قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ کھلاڑی سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لئے مکمل تیار ہیں۔ میچ سے قبل کنڈیشنز دیکھ کر ٹیم فائنل کریں گے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ سات سال بعد سری لنکا کھیلنے جارہے ہیں، ٹریننگ کیمپ میں اپنی بھرپور تیاری کی ہے، پوری ٹیم کارکردگی دکھانے کیلئے پر عزم ہیں،بابراعظم نے ٹیسٹ اسکواڈ میں یاسر شاہ کی واپسی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ سری لنکا میں کنڈیشنز اسپنرز کیلئے کافی مددگار ثابت ہونگی، فاسٹ بولرز پر بھی اعتماد ہے، وہ بھی ہر کنڈیشن میں اچھا پرفارم کر سکتے ہیں۔
کپتان نے کہا کہ سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل ہمارے پاس کافی وقت تھا، سیریز کے پوائنٹس آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کیلئے کافی اہمیت رکھتے ہیں۔قومی ٹیم کے کہتان کا کہنا تھا کہ میچ سے قبل کنڈیشنز دیکھ کر ٹیم فائنل کریں گے، اور اسی دوران شان مسعود کے حوالے سے کوئی فیصلہ کریں گے۔
