اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے پولینڈ سے پاکستانی طلبہ اور شہریوں کو یوکرین سے اپنے ملک میں داخل ہونے کی اجازت دینے کی اپیل کی ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ایک پیغام میں پولینڈ حکومت کی درخواست کی ہے کہ پاکستانی طلباء اور شہریوں کو پاکستان واپسی کے لیے پولینڈ میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے ۔ ان کا کہنا تھا سینکڑوں کی تعداد میں پاکستانی شدید سردی میں یوکرین کے سرحدی شہر لیف میں پولینڈ میں داخل ہونے کی اجازت کے منتظرہیں ۔
پی پی چیئرمین نے جنگ زدہ ملک میں مشکل حالات میں پھنسے پاکستانیوں کے لیے سردمہری کا رویہ اختیار کرنے پر عمران خان کی حکومت پر تنقید کرتے کہا کہ وزارت خارجہ اور یوکرین میں پاکستانی سفارتخانہ پاکستانی شہریوں کی مدد و سہولت فراہم کریں۔ پی پی پی اوورسیز کے عہدیداران و کارکنان بھی پاکستانی طلباء اور شہریوں کی جنگ زدہ ملک سے وطن واپسی میں مدد کریں۔