بی جے پی کے ایک اور رہنما کی جانب سے گستاخانہ بیان، پاکستان کا شدید ردعمل

پاکستان نے بھارتی حکمران جماعت بی جے پی کے ایک اور عہدیدار کی طرف سے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے خلاف توہین آمیز ریمارکس کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے بھارت میں اسلامو فوبیا کی بگڑتی ہوئی صورتحال کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا۔

ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہا ہے کہ پچھلے تین مہینوں میں یہ دوسرا واقعہ ہے کہ بی جے پی کے کسی سینئر لیڈر نے ہمارے پیارے نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے خلاف توہین آمیز تبصرہ کیا ہے۔ ان انتہائی تضحیک آمیز ریمارکس سے پاکستانی عوام اور دنیا بھر کے اربوں مسلمانوں کے جذبات کو شدید ٹھیس پہنچی ہے۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ مذکورہ عہدیدار کے خلاف بی جے پی کی طرف سے کی گئی علامتی اور غیر موثر تادیبی کارروائی بھارت اور پوری دنیا کے مسلمانوں کے درد اور غم کو دور نہیں کرسکتی۔ یہ انتہائی قابل مذمت ہے کہ راجا سنگھ کو گرفتاری کے چند گھنٹوں کے اندر ضمانت پر رہا کر دیا گیا اور بی جے پی کے لوگوں نے ان کا خیرمقدم کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارتی حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ بی جے پی کے ارکان کے خلاف فوری اور فیصلہ کن کارروائی کرے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More