Urdu
ابتک پاکستان پاکستان تازہ ترین

حکومت کے ساتھ چلنا مشکل ہوتا جارہا ہے، چودھری پرویز الہٰی

لاہور : پاکستان مسلم لیگ(ق) نے انتباہ دیا ہے کہ مہنگائی اور بیروزگاری میں اضافہ قابل تشویش ہے اس لئے حکومت کے ساتھ چلنا مشکل ہوتا جارہا ہے، عوامی نمائندے اپنے حلقوں میں عوام کا سامنا کیسے کریں ؟عام آدمی کو ریلیف نہ دیا گیا تو حالات مزید خراب ہونگے جبکہ اہم اجلاس میں فیصلوں کا اختیار چودھری پرویز الہٰی کو سونپ دیا گیا ہے۔

لاہور میں پاکستان مسلم لیگ کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس منعقد ہوا،مسلم لیگ پنجاب کے صدر چودھری پرویزالٰہی نے اجلاس کی صدارت کی جبکہ تمام ارکان نے چودھری شجاعت حسین کی صحت یابی کیلئے دعا کی۔

اجلاس میں مسلم لیگی ارکان اسمبلی نے بڑھتی ہوئی بیروزگاری اور مہنگائی ،ڈالر، پٹرول، بجلی اور گیس کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور امن و امان کی ابتر صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کیا ۔

اجلاس کا اعلامیہ جاری کیا گیا جس میں کہا گیا کہ ان تمام وجوہات کی بنا پر حکومت کے ساتھ چلنا مشکل ہوتا جا رہا ہے ، عوامی نمائندے اپنے حلقوں میں عوام کا سامنا کیسے کریں ، عام آدمی اذیت میں مبتلا ہے جبکہ حکومت عوامی مشکلات کے تدارک میں ناکام دکھائی دیتی ہے۔

اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ حکومت نان ایشوز کو ایشوز بنا کر عام آدمی کے زخموں پر نمک چھڑک رہی ہے ، عام آدمی کو ریلیف نہ دیا گیا تو حالات مزید بگڑیں گے ، حکومت سنجیدگی سے ان تمام ایشوز کا فی الفور ازالہ کرے ۔

پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں تمام ارکان اسمبلی کی جانب سے فیصلوں کا اختیار چودھری پرویزالٰہی کو دیدیا گیا جبکہ اجلاس میں وفاقی وزراء طارق بشیر چیمہ ،مونس الٰہی اور سینیٹر کامل علی آغا شریک ہوئے۔

Related posts

مقامی صرافہ بازار میں سونے کی قیمتوں میں اضافہ

Rauf ansari

آرمی چیف کی ہاکی کے لیجنڈ کھلاڑی منظور حسین جونیئر کے انتقال پر اظہار افسوس

Nehal qavi

اسلام آباد: ڈی چوک میں احتجاجی اساتذہ اور پولیس آمنے سامنے

Hassam alam

Leave a Comment