دادو گرڈ اسٹیشن کو ڈوبنے سے بچا لیا گیا، فوج، رینجرز اور سول اداروں کی محنت رنگ لے آئی

دادو گرڈ سٹیشن کو ڈوبنے سے بچا لیا، پاک فوج، رینجرز اور سول اداروں کی جانب سے 36 گھنٹے مسلسل کام کے بعد 2 اعشاریہ 4 کلومیٹر پر پروٹیکشن بند بنایا گیا، بند کے نتیجے میں دادو گرڈ سٹیشن سیلابی ریلے سے محفوظ رہا۔ وزیراعظم نے گرڈ اسٹیشن کو بچانے کی ہدایات دی تھیں۔

گرڈ سٹیشن کے اِرد گرد بند بنانے سے نہ صرف یہ گرڈ محفوظ رہا بلکہ علاقے کو بجلی کی فراہمی بھی منقطع نہیں ہوئی، پاک فوج اور انجینئرز کور کے تمام پلانٹ آلات کو ِاس کام پر لگایا گیا، علاقے کے لوگوں نے پاک فوج کا شکریہ ادا کیا ہے۔ منچھر جھیل سے خارج ہونے والا سیلابی ریلا دادو کا رنگ بند عبور کر کے آبادی کی جانب بڑھنے کے باعث 500 کے وی گرڈ سٹیشن کو خطرہ تھا۔

وزیرِاعظم شہباز شریف نے گزشتہ روز دادو میں سیلابی ریلے سے گرڈ سٹیشن کو بچانے کی فوری ہدایات دی تھیں، وزیرِ اعظم نے اعلیٰ سول و فوجی قیادت کو تمام تر وسائل بروئے کار لا کر گرڈ سٹیشن کو سیلاب سے بچانے کی ہدایت کی تھی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ گرڈ سٹیشن کو فوری طور پر سیلاب سے متاثر ہونے سے بچایا جائے، گرڈ سٹیشن کا بچاؤ بجلی کی بلا تعطل فراہمی کیلئے نہایت ضروری ہے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More