لاہور: گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور کا کہنا ہے کہ ملک کو عدم استحکام کا شکار کر نیوالے عناصر کو ہر صورت ناکام بنایا جائے گا۔ وزیراعظم کا کوئی ذاتی ایجنڈہ نہیں وہ صرف ملک وقوم کی تر قی چاہتے ہیں ۔
گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور سے گور نر بلوچستان سید ظہور آغا نے گورنر ہاؤس لاہور میں ملاقات کی ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گور نر چوہدری محمدسرور نے ملک ترقی کیلئے بلوچستان کی خوشحالی کو لازمی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان دشمن قوتوں سے ملک میں امن واستحکام برداشت نہیں ہورہا۔ملکی تاریخ میں پہلی بار وفاقی حکومت ملک میں یکساں ترقی کی پالیسی پر گامزن ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی سمیت ملک کو درپیش چیلنجزسے نمٹنے کیلئے سب کو متحد ہونا ہوگا ۔ موجودہ حکومت جمہوریت سمیت تمام اداروں کی مضبوطی پر یقین رکھتی ہے۔پنجاب ہر مشکل وقت میں اپنے بھائی بلوچستان کیساتھ کھڑا ہوتاہے۔
گورنر بلوچستان سید ظہور آغا نے کہا کہ ملک میں انتشار پیدا کر نے کی کوشش کر نیوالے ملک وقوم کے خیرخواہ نہیں۔تحر یک انصاف ملک وقوم کو مسائل سے نجات دلاکر ترقی کی راہ پر گامزن کر رہی ہے۔دہشت گردی کے خاتمے کیلئے بلوچستان ے سب سے زیادہ قر بانیں دیں۔
