پی ٹی آئی نے عمران خان کی سیکیورٹی پر اٹھنے والے اخراجات کی تفصیل مانگ لی، اہلکاروں کی تفصیلات بھی طلب

پی ٹی آئی نے وفاقی وزیرداخلہ سے چیئرمین تحریک انصاف کی حفاظت کے لیئے دو کروڑ روپے کے ماہانہ اخراجات کی تفصیل طلب کر لی۔ حفاظت پر مامور 266 اہلاکاروں کی تفصیلات بھی طلب کر لیں۔

تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری کہا کہ عمران خان بلاشبہ ملک کے مقبول ترین سیاسی رہنما ہیں، امپورٹڈ حکومت کے آنے کے بعد سے عمران خان کی سلامتی غیرمعمولی خطرات کی زد میں ہے، ہر شہری کیطرح عمران خان کی حفاظت حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اور امپورٹڈ سرکار کی صفوں میں موجود مجرموں کے سوچ و کردار میں زمین آسمان کا فرق ہے، ریاستی وسائل پر جاہ و جلال کے سلسلے دراز کرنا شریفوں اور زرداریوں کی روایت ہے۔ شریفوں نے جاتی امراء کے محل کی حفاظت پر پنجاب کے عوام کے 364 ملین روپے اڑائے۔ کم و بیش 3 ہزار اہلکار اسی جاتی امراء کے محل کی حفاظت پر لگائے گئے، چھ چھ کیمپ آفسز قائم کرکے سالانہ اربوں لٹانا کرپٹ شریفوں اور زرداریوں کا وطیرہ ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان نے وزارتِ عظمیٰ میں قدم رکھتے ہی شاہانہ رسوم و رواج کو نکال باہر پھینکا، اپنی تمام مدتِ اقتدار کے دوران عمران خان اپنی رہائشگاہ پر مقیم رہے، عمران خان نے اپنے گھر کے گرد حفاظتی دیوار تک کے اخراجات اپنی جیب سے ادا کئے، عمران خان نے غیرملکی دوروں سے لیکر وزیراعظم ہاؤس کے اخراجات تک کی مد میں سالانہ کروڑوں کی بچت کی، عمران خان کے سیکیورٹی اخراجات کے حوالے سے پراپیگنڈہ مہم کیلئے جاری کردہ تفصیلات نہایت تشویشناک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بظاہر درجن بھر اہلکاروں اور عمران خان کی سلامتی کو لاحق خطرات کے حوالے سے مراسلوں کے علاوہ تو حکومت کا کوئی بندوبست دکھائی نہیں دیتا۔ تحریک انصاف کو اپنے چیئرمین کی سیکیورٹی کیلئے بندوبست کرنے کا مراسلہ بھی ریکارڈ کا حصہ ہے۔ امپورٹڈ حکومت کا دروغ گو وزیرِداخلہ عمران خان کی سیکیورٹی اخراجات کی باضابطہ تفصیلات مہیا کرے، وزیرداخلہ 266 اہلکاروں کی تفصیلات بھی مہیا کرے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More