پاکستان تحریک انصاف نے 25 مئی کے مقدمات کے حوالے سے پنجاب میں جے آئی ٹی بنانے کا اعلان کر دیا۔ فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ہم ایف آئی اے میں پیش ہوں گے۔ امید ہے رانا ثنا اللہ اور اور عطا اللہ تارڑ بھی جے آئی ٹی میں پیش ہوں گے۔
اسلام آباد میں خیبر پختونخواہ ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کس مائی کے لعل میں جرات ہے کہ عمران خان کو نااہل کرے۔ ہم نے آخری مرحلے کی تیاری کر لی ہے اور انہیں انتخابات سے بھاگنے نہیں دیں گے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ایک مشترکہ تحقیقاتی ٹیم بنائی جائے اور 25مئی کے مقدمات کے حوالے سے ان سے تحقیقات کی جائے، ہمیں امید ہے کہ رانا ثنااللہ اور باقی لوگ چھپیں گے نہیں جے آئی ٹی میں پیش ہوں گے۔ سانحہ ماڈل ٹاون کے معاملے پر بھی پنجاب حکومت تیزی سے آگے بڑھے گی جس کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کارروائی کی ہدایت کر دی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے 13اکاؤنٹس بھی ڈیکلیئرڈ ہیں اور ایک ایک کی تفصیل الیکشن کمیشن کو فراہم کر دی ہے۔ 2013 میں پارٹی کے مرکزی اکاونٹ سے ان اکاونٹس میں پیسہ الیکشن کے اخراجات کے لئے ٹرانسفر کیا گیا۔
