اسلام آباد: سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی آنجہانی اہلیہ کلثوم نواز اور شہباز شریف کے اضافی ویلتھ ٹیکس سے متعلق ایف بی آر کی اپیلیں خارج کر دیں ۔ عدالت نے شریف خاندان سے ایڈیشنل ٹیکس سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا۔
شہباز شریف اور مرحومہ کلثوم نواز کی آمدن پر اضافی ٹیکس سے متعلق ایف بی آر کی اپیلوں پر سماعت جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے کی۔ عدالت نے کہا کہ مرحومہ کلثوم نواز اور شہباز شریف نے انیس سو چورانوے سے اٹھانوے تک ویلتھ ٹیکس جمع کرایا۔ ایف بی آر نے شہباز شریف اور مرحومہ کلثوم نواز کو اضافی ویلتھ ٹیکس کیلئے نوٹس جاری کیے تھے۔
اضافی ویلتھ ٹیکس کیلئے ڈیمانڈ نوٹس کا دیا جانا ضروری ہے۔ ایف بی آر کلثوم نواز اور شہباز شریف کو ڈیمانڈ نوٹس بھیجنا ثابت نہیں کر سکا۔ اضافی واجبات کے نوٹس بھی ویلتھ ٹیکس جمع کرانے کے بعد بھیجے گئے۔
شریف خاندان نے ایف بی آر نوٹس لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیے تھے۔ لاہور ہائیکورٹ نے ایف بی آر کے اضافی ٹیکس نوٹس کالعدم قرار دیدیئے تھے۔ ایف بی آر نے لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کر رکھا تھا۔