وفاقی وزیر شاہ زین بگٹی اپوزیشن کے قافلے میں شامل

اسلام آباد: حکومتی اتحادی جمہوری وطن پارٹی کے رہنما شاہ زین بگٹی نے حکومت سے علیحدگی کا اعلان کر دیا۔

جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ اور رکن قومی اسمبلی شاہ زین بگٹی نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کے بعد اپوزیشن کی حمایت کرتے ہوئے حکومت سے علیحدگی کا اعلان کر دیا۔چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شاہ زین بگٹی نے بہادرانہ فیصلہ کیا ہے۔

شاہ زین بگٹی نے بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں وفاقی کابینہ سے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا ۔حکومتی اتحادی شاہ زین بگٹی نے کہا کہ ہم حکومت کے ساتھ ساڑھے تین سال چلے لیکن اب ہم پی ڈی ایم کے ساتھ ہیں۔ سیاست میں اخلاقیات سے باہر گفتگو نہیں ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے سوائے وعدوں کے کچھ نہیں کیا۔ حکومت نے تبدیلی کا نعرہ لگایا تھا اور وزیر اعظم نے کہا کہ بلوچستان اور جنوبی پنجاب پر فوکس کروں گا لیکن نہ وہ بلوچستان پہنچے نہ جنوبی پنجاب۔ ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال کو دیکھ رہے ہیں۔ عمران خان کو بلوچستان میں امن کو بحال کرنے کے لیے مینڈیٹ دیا گیا تھا۔ بلوچستان کو پر امن بنانے کی ہمیں ذمہ داری دی گئی وہ پوری کی۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ عمران خان نے اتحادیوں کو بھی استعمال کر کے کوئی وعدہ پورا نہیں کیا۔ وزیر اعظم اور اس کی حکومت کا اپنے اتحادیوں سے سلوک افسوسناک ہے۔ عمران خان نے اپنے اتحادیوں کو دھوکہ دیا۔ بلوچستان کے عوام کے ساتھ انصاف نہیں کیا گیا جبکہ بلوچستان کے مسائل بہت پیچیدہ ہیں اور ہمیں ملک کو مسائل سے نکالنے کے لیے مل کر محنت کرنا ہو گی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دوسرے اتحادیوں سے ہماری اور دوسری جماعتوں کی ملاقاتیں جاری ہیں تاہم اتحادی فیصلے کر چکے ہیں اور اب وزیراعظم کا وقت ختم ہو چکا ہے۔ اب سرپرائز کا وقت ختم ہو چکا ہے جبکہ پاکستانی عوام جانتے ہیں وہ کسی قسم کے پروپیگنڈے کا شکار نہیں ہوں گے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More